نام : محمد عمر
قلمی نام : عین عمر
تاریخ پیدائش: 19 اپریل 1992ء
جائے پیدائش: گجرات ، پنجاب ،پاکستان
(موجودہ : مسقط (عمان
شاعری کا آغاز : 2015سے
عشق ِمن تذلیل تک پہنچائیے
پایہء تکمیل تک پہنچائیے
فیل والے کی نگہہ کعبہ پہ ہے
کنکری بابیل تک پہنچائیے
پانیوں کی زندگی خطرے میں ہے
مچھلیوں کو جھیل تک پہنچائیے
چشمِ نم میں کجلگی فرمائیے
طور کو اک نیل تک پہنچائیے
کوچہء جاناں کے ہر اک سنگ کو
عین سنگِ میل تک پہنچائیے
*************
محبت پیش گھر گھر کررہا ہوں
میں تقلیدِ قلندر کر رہا ہوں
کہ دو گز کی عمارت کے لیے میں
اکٹھے اینٹ پتھر کر رہا ہوں
اداکاری اداکاروں کا فن ہے
مگر ان سے میں بہتر کر رہا ہوں
میں اسکو چھوڑ کر اک داستاں میں
حساب اپنا برابر کر رہا ہوں
یقیناََ کر چکی ہوگی زمیں بھی
ستم جو جو زمیں پر کر رہا ہوں
*************
علم کی جستجو میں رہتے ہیں
یعنی ہر دم وضو میں رہتے ہیں
پہلے آباد تھا لہو ہم میں
اور اب ہم لہو میں رہتے ہیں
خلد خود آرزو میں ہے انکی
جو تری آرزو میں رہتے ہیں
آپ موجود ہو تو باغ و گل
آجکل رنگ و بو میں رہتے ہیں
اک مثلث ہے زندگی جس کے
زاویے گفتگو میں رہتے ہیں
*************
سنو اے شاعر مشرق
کہ میں نے کچھ سیانوں سے
سنا ہے
آسمانوں پر کبھی بارش نہیں ہوتی
تو پھر اے شاعر مشرق
ذرا نم ہو تو کیسے ہو
کہ یہ مٹی تو اپنے آپ کو آکاش جانے ہے
*************
پاکستان ہے واحد جنت
جس میں منافق بھی بستے ہیں
جس میں مہنگا ہے انصاف
جس میں ظلم و جبر سستے ہیں
جس میں دودھ کی نہریں بند ہیں
لیکن خون کی بہتی ہیں
جس کی گلیوں کوچوں میں
بے پردہ حوریں رہتی ہیں
پاکستان ہے واحد جنت
جس کے جنتی رب کی عبادت
کرتے ہیں پر شاذ و ناذر
جس کے جنتی رب کے قہر سے
ڈرتے ہیں پر شاذ و ناذر
جس کے جنتی جھوٹی موٹی
شان و شوکت میں رہتے ہیں
جس کے باسی خود کو
رب کی جنت کا مالک کہتے ہیں
پاکستان ہے واحد جنت
جس جنت میں
چند جہنمی گھس آئے ہیں
دل میں تباہی کی حسرت
لے کے حرامی گھس آئے ہیں
کہیں دھماکے ، کہیں پہ ڈاکے
کہیں کرپشن کرتے ہیں
حسد پھیلا کے دو بھائیوں کو
جانی دشمن کرتے ہیں
پاکستان ہے واحد جنت
جس جنت کے
دشمن بھی ہیں
جس کے جنتی
بد ظن بھی ہیں
لیکن جنت تو جنت ہے
جب سے یہ آباد ہوئی ہے
جنت کب برباد ہوئی ہے
جنت کب برباد ہوئی ہے
پاکستان ہے واحد جنت
پاکستان ہماری جنت
*************
عین عمر
tusi great o
ReplyDelete